ہمیں پھانسی،جیل ،دھمکیوں سے نہ ڈرائیں ہماری ڈکشنری میں موت کا لفظ ہے ،خوف کا نہیں، حافظ حمد اللہ

ایبٹ آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے مرکزی رہنما ترجمان پی ڈی ایم سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ قوم جان چکی ہے ،سیاست جمہوریت طاقت کے بل پر کھڑی ہے ،عمران خان میں امپائر کی انگلی پھنسی ہوئی ہے،ہمیں پھانسی،جیل ،دھمکیوں سے نہ ڈرائیں ہماری ڈکشنری میں موت کا لفظ ہے ،خوف کا نہیں،ووٹ کی پرچی کی طاقت سے موجودہ حکمرانوں سے قوم کی جان چھڑائیں گے،دولت اورسرمایہ پر سیاست فرعون کا نظریہ تھا،آج اسلام اور مولوی کا راستہ روکنے کیلئے سب جمع ہیں ،ملک میں کسی غیر اسلامی قرآن وسنت منافی کوئی قانون سازی نہیں ہونے دیں گے . ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام ریاست مدینہ وشان صحابہ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا .

کانفرنس سے سینئر نائب صدر خیبر پختون خوا سید ہدایت اللہ شاہ ، ضلعی امیر مولانا انیس الرحمن ،مولانا محمد خالد ،مولانا غلام مجتبی،مولاناعبدالسلام عزیز عبدالتواب قاسمی نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر حاجی صابر تنولی ایڈووکیٹ ،مولانا صدیق شریفی ،مسئول ،وفاق المدارس العربیہ مفتی حبیب الرحمن ،مفتی جعفر طیار مقبول اعوان کے علاوہ جید علمائے کرام ،مشائخ عظام،خطباء ،یو ین کونسلز کے امراء ،نظماء بھی شریک تھے . سینیٹر حمد اللہ نے کہاکہ موجودہ حکومت کی پالیسی ملک دشمنی ،معیشت اور نظریہ کے خلاف ہے،معیشت ریاست میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے،اس حکومت نے اسٹیٹ بنک کوآئی ایم ایف کے سپردکیا . انہوںنے کہاکہ ملک کا جغرافیہ اور معیشت امریکہ کو دے دیاکل کو یہ ایٹم بم بھی دے دیں گے ،ان کا کیا بھروسہ ہے،اس کو جس نے بھی مسلط کیا انہوں نے قوم اور ملک کے ساتھ دشمنی کی یہ ملک کیلئے سیکورٹی رسک ہے ،موجودہ حالات میں مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے ،قوم کو حساب دیں کتنے انڈے دیئے ہیں . انہوں نے تو ملک کو تماشا بنا دیا ہے ،قوم سوال کرتی ہے ملک اس دھانے پر پہنچ چکا ہے ،ریاستی ادارے اور ارباب اختیار ایک چیز کا انتخاب کریں یا عمران کو بچانا ہے یا پاکستان کو بچانا ہے ،جمعیت علماء اسلام پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے نکلی ہے ،اگر اگلے الیکشن میں بھی عمران خان کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی آڑ میں مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو اس ملک میں انتشار،افراتفری کے زمہ دار ریاستی ادارے ہوں گے ،پی ڈی ایم 23 مارچ کو ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لئے اسلام آباد میں لانگ مارچ کری گی،ہم برچھے نہیں پرچے کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں . سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہاکہ نیب کے قانون کو جوتے کی نوک پر رکھتا ہوں،ہمارا کسی پانامہ پینڈورا لیکس میں نام نہیں ہے،2018 کے الیکشن میں جمعیت علمائے اسلام کو دیوار سے لگاکر انتہا پسند قرار دیکرٹرمپ نے حکومت کو مبارکباد دی کیونکہ جمعیت علمائے اسلام کو حجم کے مطابق حصہ نہیں ملا،آئین ،جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں ،ہم نے آئین کا دفاع کیا آئین کو پاؤں تلے روندنے والے سب کے سامنے ہیں،اس لئے انتہا پسند اور شدت پسند کا طعنہ دیا گیا ، آئین سے بغاوت کرنے والے کی سزا موت ہے،آپ تو مستند غدار ہیں،جمعیت علمائے اسلام کا ملک ،آئین توڑنے میں نہیں بنانے والوں میں کردار ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمیں فکر اور عقیدہ انبیاء سے ورثہ میں ملا ہے . انبیا ء انسانیت کے لئے معلمین اور اساتذہ کا درجہ رکھتے ہیں جنہوں نے طاغوت سے بغاوت اور اللہ کی بندگی کا پیغام دیاہے،سیاست ،قیادت ،معتبری کے لئے دولت سے موازنہ کیا جاتا ہے جبکہ اللہ کے ہاں مرتبہ والا کامیاب ہے،قوم کو نظریہ، فکر اور تصور علماء نے دیا ہے . سینیٹر حافظ حمد اللہ نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام ایک تحریک، نظریہ اور فکر کا نام ہے،تمام انبیاء کی دعوت کے دو نقطے تھے،اس کو اگر سیاست سے تشبیہ دیں تو کوئی مضائقہ نہیں ہے کیونکہ سیاست وہ عمل ہے جس کے نتیجہ میں دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں،انسانیت میں ایک طبقہ جن کا مطمع نظر دنیا ہے اس کا آخرت میں کچھ حصہ نہیں ہے اور دوسرا وہ طبقہ ہے جو مومن ہے جس سے اللہ راضی ہوتا ہے اور تیسرا منافق ہے،جس کا ٹھکانہ جہنم کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے،انسان کو اصل شیطان سے زیادہ انسانی شیطان سے زیادہ خطرہ ہے . انہوں نے کہا کہ لوگوں کی گالیوں سے مرعوب نہ ہوں بلکہ اپنی نسبت کو دیکھیں . مقررین کا کہنا تھا کہ پڑوسی ملک میں طالبان کی حکومت بنی ہے اور پاکستان میں عالمان کی حکومت جلد قائم ہوگی،عوام جمعیت علمائے اسلام کی چھتری تلے جمع ہو جائیں ہماری سیاست بھی بچے گی اور ملک بھی محفوظ ہوگا . مقررین کا کہنا ملک میں ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا لیکن بنی نہیں ہے،لوگ افغانستان اور پاکستان کی حکومت کا موازنہ کریں تو پتہ چلتا ہے ریاست مدینہ کہاں قائم ہے،ریاست مدینہ کا دعویٰ کرنے والوں کی مشابہت ،طرز حکومت ریاست مدینہ کے خلفا ء سے نہیں ملتی ہے . انہوںنے کہاکہ جمعیت اسلام دین کے ٹھیکدار نہیں چوکیدار ہیں،جہاں سے بھی اسلام پر حملہ ہوگا اس کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے . ضلعی امیر مولانا انیس الرحمن نے کہاکہ ہر مقام پر باطل قوتوں کا مقابلہ کر کے دکھائیں گے . ایبٹ آباد تحصیل میئر کی نشست کے لئے جمعیت علمائے اسلام نے مولانا خالد کو نامزد کیا ہے،اللہ کی مدد شامل حال ہے کامیابی سے ہمکنار ہوں گے . مہمان خصوصی سینیٹر حافظ حمد اللہ نے وفاق المدارس میں نمایاں پوزیشن لینے والے رئیس جامعہ ام سلمہ للبنات مفتی جعفر طیار مقبول اعوان کو خصوصی شیلڈ دی اور جمعیت علمائے اسلام ایبٹ آباد کی جانب سے حاحظ حمد اللہ کو بھی ضلعی امیر مولانا انیس الرحمن نے یادگاری شیلڈ بھی دی . . .

متعلقہ خبریں