کامران اکمل کو سلور کیٹیگری میں رکھنے کی وجہ سامنے آگئی

(قدرت روزنامہ)کامران اکمل کو پی ایس ایل 7 میں سلور کیٹیگری میں رکھنے کی وجہ سامنے آگئی ہے . پشاور زلمی کے  وکٹ کیپر بیٹس مین کامران اکمل نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا ہے جبکہ انہوں نے خود کو گولڈ کیٹیگری میں نظر انداز کیے جانے پر دستبرداری کا اعلان کیا ہے .

کامران اکمل کو پشاور زلمی نے سلور کیٹیگری میں منتخب کیا ہے جبکہ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مجھے جو عزت ملنی چاہئیے تھی وہ نہیں ملی جس کی وجہ دستبردار ہورہا ہوں . رپورٹس کے مطابق کامران اکمل کی گزشتہ دو ایڈیشنز میں اوسط درجے کی کارکردگی رہی ہے جس کی وجہ سے انہیں ساتویں ایڈیشن میں سلور کیٹیگری میں منتخب کیا گیا ہے . کامران اکمل چھٹے ایڈیشن میں رنز کے اعتبار سے 9 ویں نمبر پر رہے جبکہ انہوں نے 13 میچز میں 283 رنز اسکور کیے اور ان کی بیٹنگ اوسط 21 رنز فی اننگ سے کچھ زائد رہی . اسی طرح پانچویں ایڈیشن میں کامران اکمل نے 9 میچز کھیلے جس میں انہوں نے 251 رنز اسکور کیے جبکہ اس ایڈیشن میں وہ رنز کے اعتبار سے 12 ویں نمبر پر رہے اور ان کی بیٹنگ اوسط 27 رنز رہی . واضح رہے کہ کامران اکمل پی ایس ایل کے تمام ایڈیشز میں 69 میچز کھیل چکے ہیں اور رنز بنانے میں ان کا دوسرا نمبر آتا ہے جبکہ کامران اکمل نے پی ایس ایل میں کل 1820 رنز اسکور کیے ہیں اور ان کی فی اننگ اوسط 27 رنز رہی ہے . یاد رہے کہ کامران اکمل پی ایس ایل میں 11 ففٹیز بناچکے ہیں اور پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریز بنانے کا اعزاز بھی ان کے نام ہے، کامران اکمل پی ایس ایل میں 3 سنچریز بناچکے ہیں . دوسری جانب پشاور زلمی کے ڈائریکٹر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کامران اکمل چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں، ان سے ملاقات کرکے پشاور زلمی کے اسکواڈ میں رکھنے کی کوشش کریں گے . . .

متعلقہ خبریں