عمران خان سے سیاسی نوعیت کی ملاقاتیں ممکن نہیں، فیصل واوڈا

اسلام آباد(ّقدرت روزنامہ)سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ روز تحریکِ انصاف کو مشورہ دیا تھا جس کا آج پارٹی کو فائدہ ہوا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں لچک ضروری ہے، دو قدم پیچھے اور ایک قدم آگے یہی سیاسی راستہ ہے۔
انہوں نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ اور اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی نہ کر کے وزیرِاعلیٰ نے مثبت قدم اٹھایا۔
فیصل واوڈا کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان سے سیاسی نوعیت کی ملاقاتیں ممکن نہیں، تاہم بہنوں کی ملاقات ان کا حق تھا۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے میران شاہ میں شہید ہونے والے بہادر افسر کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ یہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ذمہ داری ہے کہ شہید افسر کے اہل خانہ کی مکمل داد رسی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں ذمہ داری، ہوش مندی اور امن کے راستے کو اختیار کرنا انتہائی ضروری ہے۔
