کوئٹہ میں بی آر ٹی منصوبے پر اہم پیشرفت، ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدہ پر دستخط ، صوبائی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی آئے گی

خبر: اسلام آباد ( ڈیلی قدرت ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت صوبے میں جدید، محفوظ اور معیاری ٹرانسپورٹ نظام کے قیام کے لیے حکومت بلوچستان نے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان کوئٹہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (BRT) منصوبے پر دستخط ہوگئے، جس سے صوبائی دارالحکومت میں ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق 5 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں اقتصادی امور ڈویژن میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں سیکریٹری محکمہ ٹرانسپورٹ حیات کاکڑ نے حکومت بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ کوئٹہ بی آر ٹی کی فیزیبیلیٹی اسٹڈی کے لیے پروجیکٹ ریڈینس فائنانسنگ معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بلوچستان ٹریفک انجینئرنگ بیورو ڈاکٹر سجاد بلوچ، اقتصادی امور ڈویژن اسلام آباد کے افسران اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت کوئٹہ میں جدید عوامی ٹرانسپورٹ کا موثر نظام متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوگی، جس سے ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی، شہری سہولیات میں بہتری اور پائیدار شہری ترقی ممکن ہو سکے گی۔ واضح رہے کہ صوبائی کابینہ نے 16 اکتوبر 2025 کے اجلاس میں اس معاہدے کی منظوری دی تھی جس کے بعد آج دستخطوں کے ساتھ منصوبے کے عملی آغاز کی طرف ایک بڑا قدم اٹھایا گیا ہے
