کے پی کے میں گورنر راج کی افواہیں ملک کو انتشار کی طرف لے جائیں گی، غیر آئینی اقدامات سے گریز کیا جائے: مولانا عبدالغفور حیدری

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل وسینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج سے متعلق افواہیں نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ ایسے غیر معمولی اقدامات ملک کو مزید سیاسی انتشار کی جانب دھکیل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے فیصلے وفاق اور صوبے کے درمیان اعتماد کی فضا کو نقصان پہنچا کر نئی کشیدگی کو جنم دیں گے، جو کسی بھی طور ملک کے مفاد میں نہیں۔میڈیا سے گفتگو میں مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بہتری اور انتظامی چیلنجز کے حل کے لیے آئین نے واضح راستے فراہم کیے ہیں، لہٰذا غیر آئینی یا غیر معمولی اقدامات سے اجتناب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ مشاورت، تدبر اور جمہوری عمل کے تسلسل ہی سے صوبے میں استحکام کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازی میں عدم یکسوئی اور سیاسی حکمتِ عملی کے فقدان نے خیبر پختونخوا میں گورننس کے بحران کو مزید سنگین کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو درپیش مسائل سنجیدہ نوعیت کے ہیں جنہیں سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔انہوں نے مدارس کی رجسٹریشن میں سست روی، دینی اداروں کے مسائل کے حل میں تاخیر اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر عمل درآمد نہ ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق یہ تاخیر حکومتی بے توجہی کا کھلا ثبوت ہے، جسے فوری طور پر دور کیا جانا ضروری ہے تاکہ دینی اداروں کے اعتماد کو بحال کیا جا سکے۔سیکریٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبد الغفور حیدری نے بتایا کہ ہم خیال دینی و سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے مسلسل جاری ہیں، اور ملکی سیاسی صورتِ حال کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے حتمی اعلان متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملکی استحکام، وفاق کی مضبوطی، آئینی اصولوں کی پاسداری اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی اداروں کی آئینی حدود کے احترام اور جمہوری نظام کے تسلسل کے لیے جے یو آئی اپنی سیاسی جدوجہد بھرپور انداز میں جاری رکھے گی، کیونکہ یہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد راستہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert