حکومت سے نوکری کا مطالبہ، نوجوان کھانے پینے کی اشیاء اور بستر لے کر نجی کمپنی کے ٹاور پر چڑھ گیا

جہلم(قدرت روزنامہ) حکومت سے نوکری کا مطالبہ، نوجوان کھانے پینے کی اشیاء اور بستر لے کر نجی کمپنی کے ٹاور پر چڑھ گیا . نوجوان نے کچھ ماہ پہلے بھی ٹاور پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دی تھی جس پر اس کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا .

تفصیلات کے مطابق جہلم پنڈ دادنخان میں ایک اور واقعہ پیش آیا ہے جس میں 21 سالہ بےروزگار نوجوان کھانے پینے کی اشیاء سمیت نجی کمپنی کے ٹاور پر چڑھ گیا ہے . نوجوان نے خودکشی کی دھمکی دیتے ہوئے حکومت سے نوکری دینے کا مطالبہ کیا ہے . 21 سالہ اس بےروزگار نوجوان کا نام محمد آزاد بتایا جا رہا ہے جو رات گئے اشیاء ضروریہ کے ساتھ ٹاور پر جا چڑھا . میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نوجوان نے شروع میں تو وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر فواد چودھری سے نوکری کا مطالبہ کیا تھا تاہم اب ویڈیو کال کے ذریعے نوجوان کی جانب سے ایک اور مطالبہ سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری ویڈیو کال کے ذریعے اس کے ساتھ رابطہ کریں اور اسے نوکری کی یقین دہانی کروائیں تو پھر ہی وہ نیچے اترے گا . بتایا گیا ہے کہ ٹاور پر چڑھے نوجوان کو اتارنے کے لیے پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں . محمد آزاد کے ساتھ رشتہ داروں کے ذریعے بات چیت بھی کی گئی ہے جس کے بعد بھی وہ نیچے آنے کے لیے تیار نہیں ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد آزاد کا ٹاور پر چڑھنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے . اس سے قبل بھی نوجوان ٹاور پر چڑھ کر خودکشی کی دھمکی دے چکا ہے جس پر اسے اسسٹنٹ کمشنر نے بات چیت کر کے نیچے اتارا تھا . یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کے نوجوان کو نیچے اتارنے کے بعد محمد آزاد کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا . . .

متعلقہ خبریں