درجنوں مسلم اور غیرمسلم جوڑوں کی اجتماعی شادی، مریم نواز کی طرف سے لاکھوں روپے کی سلامی

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ڈی پی ایس میں سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کے زیر اہتمام ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے تحت 96 جوڑوں کی اجتماعی شادی کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی، افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت دولہوں اور دلہنوں کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔

تقریب میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی سربراہی میں 96 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں ضلع قصورسے تعلق رکھنے والے 85 مسلم اور 11کرسچن نوبیاہتے جوڑے شامل تھے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ و دیگر صوبائی وزراء نے نوبیاہتے جوڑوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے ’’دھی رانی سلامی کارڈ‘‘ کے ذریعے تمام نوبیاہتا جوڑوں کو 2 لاکھ روپے سلامی پیش کی۔

صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک تاریخی اقدام ہے، اس انقلابی پروگرام کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے ایک ماں بن کے دکھایا ہے اور دھی رانی پروگرام کے ذریعے انہوں نے غریب والدین کی اس شرعی فریضے کی ادائیگی میں والدین کی بہت پر خلوص کوشش کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے جوڑوں کو 2 لاکھ روپے کا سلامی کارڈ دیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert