سندھ حکومت نے پاکستان مخالف انڈین فلم دھرندھر کے جواب میں فلم بنانے کا اعلان کردیا

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے پاکستان کیخلاف ریلیز ہونے والی بھارتی فلم دھرندھر کے جواب میں میرا لیاری فلم ریلیز کرنے کا اعلان کردیا۔
سندھ کے سینئر صوبائی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ٹرانسپورٹ و مانس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے اس سلسلے میں ایکس پر اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی فلم پاکستان کیخلاف سازش ہے، اگلے ماہ لیاری کا اصل کلچر دکھانے کیلئے ’میرا لیاری‘ کے نام سے فلم ریلیز کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دھرندھر فلم پاکستان کا منفی چہرہ دکھانے کے پروپیگنڈے کی کڑی ہے، جس میں بالخصوص لیاری کو ہدف بنایا گیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ حقیقت یہ ہے کہ لیاری پُرتشدد نہیں بلکہ پُرامن، ثقافت، ٹیلنٹ اور حوصلے کی علامت والا علاقہ ہے۔
شرجیل میمن نے لکھا کہ ’لیاری کی اصل تصویر دنیا کو دکھانے کیلئے اگلے ماہ ’میرا لیاری‘ کے نام سے فلم ریلیز کی جارہی ہے‘۔ جس میں دنیا کو لیاری کا امن، خوشحالی اور فخر دکھایا جائے گا۔
