مری میں برفباری شروع، موسم شدید سرد، سیاحوں کیلئے ہدایات جاری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مری میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے برفباری کے دوران سیاحوں کی حفاظت کے لیے 10 نکاتی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
مری پولیس، ریسکیو اوردیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں تاکہ سیاحوں اورمقامی افراد کو محفوظ بنایا جا سکے۔
ڈی پی او نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید برفباری اوربرفانی طوفان کے خدشے کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طورپررات کے وقت اپنی حفاظت کے لیے کسی بھی غیرضروری سفر سے اجتناب کریں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی
تمام چیک پوسٹوں پرتعینات ٹریفک پولیس کے عملے کی ہدایات پرسختی سے عمل کرنا لازمی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے یا مشکلات سے بچا جا سکے۔
ایڈوائزری میں سیاحوں کو بتایا گیا کہ گاڑیوں میں ضروری سامان، جیسے کمبل، گرم کپڑے اور کھانے پینے کا انتظام رکھیں، اور سڑکوں پر آنے والے ہنگامی حالات کیلئے ہر وقت تیار رہیں، برفباری کے دوران سیاحوں اورمقامی افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور ہدایات پرعمل کرنے سے خطرات کم کئے جا سکتے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، آج سے 24 جنوری تک بالائی اور شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شدید بارش اور برفباری کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جس سے نشیبی علاقوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز اور ندی نالوں کے قریب جانے سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
