دہرے معیار پر مایوسی کا اظہار ، آئی سی سی کو اختلافات بڑھانے کے بجائے کرکٹ کی دنیا میں پل بننا چاہیے، شاہد آفریدی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ )بنگلادیش کو ورلڈ کپ سے نکالنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئی سی سی کے دہرے معیار پر مایوسی کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے پاکستان کا دورہ نہ کرنے کے لیے بھارتی سیکیورٹی خدشات کو تسلیم کیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ یہی سمجھ بوجھ بنگلا دیش کے معاملے میں دکھانے سے گریز کیا جا رہا ہے، تسلسل، انصاف اور برابری عالمی کرکٹ گورننس کی بنیاد ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ امتیازی معیار سے ساکھ کو نقصان،کھیل کی روح مجروح ہوتی ہے، آئی سی سی کو اختلافات بڑھانے کے بجائے کرکٹ کی دنیا میں پل بننا چاہیے۔دوسری جانب عالمی کرکٹرز ایسوسی ایشن نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بنگلا دیش کو نکالے جانے پر ردِعمل ظاہر کیا ہے، صدر عالمی کرکٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بنگلہ دیش کی غیر موجودگی کھیل کے لئے ایک اداس لمحہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شراکت داروں کو کھیل کو متحد کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، ہمیں اس خوبصورت کھیل کو تقسیم نہیں کرنا چاہیے، عالمی ایونٹ سے بنگلا دیش کی غیر موجودگی ان کے کھلاڑیوں اور ان کی قوم کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
