بنگلہ دیش کا ساتھ دینے پر آئی سی سی نے پاکستان کو تنہائی کی دھمکی دیدی ، بھارتی میڈیا کا دعوی

ممبئی (قدرت روزنامہ ) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی) نے پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ 2026 سے دستبرداری کی صورت میں کرکٹ میں تنہا ئی کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد شائقینِ کرکٹ کی جانب سے آئی سی سی پر مزید تنقید کی جانے لگی۔پاکستان نے آئی سی سی کے دوہری معیار اور بنگلادیش کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کے خلاف کھل کر آواز اٹھائی ہے، جس کے پیشِ نظر ورلڈ کپ سے ممکنہ بائیکاٹ بھی زیرِ غور ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ آئی سی سی محسن نقوی کے اس موقف سے ناخوش ہے، اگر پاکستان نے ورلڈ کپ میں بائیکاٹ کا فیصلہ کیا تو آئی سی سی کی ممکنہ پابندیاں اس کے قانونی اور غیر منصفانہ اقدام کی عکاسی ہوں گی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ان پابندیوں میں تمام دوطرفہ سیریز کی معطلی، ایشیا کپ سے اخراج اور رکن ممالک کے درمیان نو این او سی پالیسی شامل ہو سکتی ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف پی سی بی کی آمدنی متاثر کریں گے بلکہ پاکستان کی کرکٹ کی ساکھ پر بھی منفی اثر ڈالیں گے، جبکہ یہ سب اس غیر منصفانہ اور یکطرفہ رویے کا نتیجہ ہوں گے۔دوسری جانب پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی میں ٹی 20 ورلڈ کپ سے انخلا کا حتمی اعلان نہیں کیا، تاہم محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ حتمی فیصلہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ انہوں نے دیگر کرکٹ بورڈز پر بھی زور دیا کہ وہ بنگلادیش کے موقف کی حمایت کریں جیسا کہ پاکستان کر رہا ہے۔
