کویت کے روزنامہ الرای نے وزارت داخلہ کے تحت محکمہ اقامہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چھٹی پر جاکر 6 ماہ تک واپس نہ آنے والوں کے اقامے منسوخ کرنے پر اس سے پہلے بھی عمل ہوتا رہا ہے تاہم جب عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے پروازیں معطل ہوئیں تو اس قانون کو بھی وقتی طور پر معطل کر دیا گیا تھا ، اب بیشتر ممالک سے پروازوں کی بحالی کے بعد پرانے قانون پر دوبارہ عمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے . محکمہ اقامہ کا کہنا ہے کہ کویت کے شہری اگر اپنے گھریلو ملازمین کو 6 ماہ سے زیادہ مدت کے لیے چھٹی دینے کی اجازت دیں تو اس کے لیے انہیں محکمے کو مطلع کرنا ہوگا لیکن یہ اطلاع انہیں ملازم کی چھٹی کا 6 ماہ کا عرصے ختم ہونے سے پہلے دینی ہوگی ، ورنہ ان کے ملازمین کے اقامے خود کار سسٹم کے تحت منسوخ ہوجائیں گے . علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے کویت میں رہائش پذیر تمام غیر ملکیوں کے ڈرائیورنگ لائسنس کی تجدید معطل کر دی گئی ہے اور شرائط پر پورا نہ اترنے والوں کے لائسنس ختم کئے جارہے ہیں ، لائسنس کی تجدید کا پورٹل بند کر دیا گیا ہے ، لائسنس کی تجدید کے پورٹل کو بند کرنے سے غیر ملکی نہ تجدید کرسکتے ہیں اور نہ ہی اپنے گم شدہ لائسنس کا متبادل نکلوا سکتے ہیں اسی طرح اب وہ اپنے لیے نئے لائسنس بھی جاری نہیں کرواسکتے . کویتی اخبار الرای سے معلوم ہوا ہے کہ فیصلے پر غیر اعلانیہ نفاذ گزشتہ ہفتے ہی شروع ہوگیا تھا ، جس کے بعد سے اب صورتحال کچھ یوں ہے کہ کویت میں مقیم شرائط پر پورا اترنے والے غیر ملکی بھی اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید نہیں کرسکتے جب کہ متعلقہ ادارے کی جانب سے پورٹل بند کرنے کی وجہ غیر ملکیوں کے لائسنس کی نئی شرائط کے اعلان کا انتظار بتائی گئی ہے . . .
کویت سٹی (قدرت روزنامہ) کویت نے 6 ماہ تک واپس نہ آنے والوں کے اقامے منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا . مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی حکومت نے چھٹی پر جا کر 6 ماہ تک واپس نہ آنے والے گھریلو عملے کے اقاموں کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، چھ ماہ کی مدت کو یکم دسمبر2021ء سے شمار کیا جائے گا .
متعلقہ خبریں