میئر پشاور الیکشن کا نتیجہ روک دیا گیا، الیکشن کمیشن کی تصدیق
پشاور(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخواہ بلدیاتی الیکشن میں میئر پشاور الیکشن کا نتیجہ روک دیا گیا، جس کی الیکشن کمیشن نے تصدیق کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان سہیل احمد کے مطابق انتخابات میں پولنگ کے دوران پشاور کی ایک نیبرہوڈ کونسل کے کچھ پولنگ سٹیشز پر ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے بعد وہاں پولنگ روک دی گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ان پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی جس کے بعد ہی نتائج سامنے آئیں گے۔’سہیل احمد کا مزید کہنا تھا کہ اس سارے مرحلے میں کچھ وقت درکار ہوگا جس کے بعد ہی الیکشن کمیشن ری پولنگ کا اعلان کرے گا۔
سہیل احمد کے مطابق ضلع بنوں کی تحصیل بکا خیل میں بھی پولنگ روک دی گئی تھی جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں سٹی میئر کے امیدوارعمر خطاب شیرانی کو پولنگ سے ایک دن پہلے نا معلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا جس کی وجہ سے سٹی میئر کے انتخابات ملتوی کر دیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بڑا دھچکا لگ گیا، خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت ہونے کے باوجود صوبائی دارالحکومت پشاور میں سٹی میئر کاالیکشن تقریبا ہار گئی ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سٹی میئر کے الیکشن میں حکومتی امیدوار کو ہرا دیا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار زبیر علی خان کو حکومتی جماعت تحریک انصاف کے امیدوار رضوان خان بنگش پر 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فاتح امیدوار نے 57306 ووٹ حاصل کیے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار کو 46135 ووٹ ملے، اُدھر پیپلز پارٹی کے امیدوار ارباب زرک خان نے 45 ہزار 12 ووٹ حاصل کیے۔تاہم الیکشن کمیشن کے مطابق گزشتہ روز جن 6 پولنگ اسٹیشنز پر کل پولنگ روکی گئی تھی اس پر پولنگ کے عمل کے بعد ہی باقاعدہ میئر پشاور الیکشن کا نتیجہ بتایا جائے گا۔