خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر بھائی کی شکست پر اپنے ہی پارٹی اراکین پر برہم

پشاور(قدرت روزنامہ) خیبرپختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اپنے بھائی کی شکست پر اپنے ہی پارٹی اراکین پر برہم . جنہیں بلے نے عزت دی، وہ کچھ مقاصد اور چند روپوں کے لیے بک گئے، رکن قومی اسمبلی نور عالم نے کھلے عام جے یو آئی جبکہ ممبر صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیات نے آزاد امیدوار کو سپورٹ کیا .

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی محمود جان اپنے بھائی کی شکست پر اپنے ہی پارٹی رہنماؤں پر برس پڑے ہیں . میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی اسپیکر محمود خان نے اپنی پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی اور ممبر صوبائی اسمبلی پر الیکشن میں پارٹی امیدواروں کو سپورٹ نہ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں . محمود خان کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی نور عالم نے پارٹی امیدوار کو سپورٹ کرنے کی بجائے کھلے عام جے یو آئی کے امیدوار کو سپورٹ کیا ہے . انہوں نے کہا ممبر صوبائی اسمبلی ارباب وسیم حیات نے بھی پارٹی امیدوار کی بجائے آزاد امیدوار کو سپورٹ کیا ہے . ڈپٹی اسپیکر کے پی اسمبلی کا کہنا ہے کہ جنہیں بلے نے عزت دی، وہ اپنے مقاصد اور چند روپوں کی خاطر بک گئے . میڈیا رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے دونوں اراکین اسمبلی نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا ہے . واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علماء اسلام کو برتری حاصل ہے، جب کہ پاکستان تحریک انصاف کو اپنے کئی مضبوط حلقوں میں اپ سیٹ شکست کا سامنا ہے . ابتدائی اور غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی ف صوبے کی حکمران جماعت تحریک انصاف کو دھچکا دینے میں کامیاب رہی . خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع کی 64 تحصیلوں میں منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ابتدائی نتائج کے مطابق تحصیل چئیرمین کے لیے جمعیت علماء اسلام ف 18 نشستوں کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ حکمران جماعت تحریک انصاف کا 14 سیٹوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے . آزاد امیدوار 8 نشتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر جب کہ اے این پی بھی 8 سیٹیں لینے میں کامیاب رہی ہے . پاکستان مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے اور اب تک صرف 3 نشستوں پر فتح حاصل کر سکی جبکہ جماعت اسلامی 2 اور پاکستان پیپلز پارٹی محض 1 سیٹ جیت سکی . صوبے کی سب سے اہم پشاور سٹی میئر کی نشست پر جے یو آئی ف نے میدان مار لیا اور الیکشن بھاری اکثریت سے جیت لیا ہے . جے یو آئی کے زبیر علی کو 11 ہزار ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے رضوان بنگش دوسرے نمبر پر ہیں . صوبے کے 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی ف کا میئر کا امیدوار کامیاب رہا ہے . یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ گزشتہ روز ہوئی تھی جس کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے . جبکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے نتائج پر ردعمل دیتے ہوئے اپنی شکست تسلیم کی ہے . اس حوالے سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس انتخابات سے ہم نے سبق حاصل کیا ہے، بلدیاتی انتخابات کے آئندہ مرحلے میں حکمت عملی تبدیل کریں گے، پارٹی نظم و ضبط کو ہرصورت برقرار رکھیں گے . انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مقبول پارٹی ہے، بہت سے لوگوں کو ٹکٹ دیے گئے، ہمیں ایک موقع ملا ہے کہ اپنی حکمت عملی بدلیں . شبلی فراز کا کہنا ہے کہ خامیوں کو دور کریں گے، پارٹی کے ورکروں کو اوپر لائیں گے، تحریک انصاف کو کچھ جگہ پر کامیابی ہوئی ہے، ہم کارکنوں کو متحرک نہیں کرسکے تھے، ہمیں دیکھنا ہوگا کہ حکمت عملی میں کیا کمزوری تھی . . .

متعلقہ خبریں