ملک میں نیا موسمی نظام داخل، بارش اور برفباری کی پیشگوئی سامنے آگئی

کوئٹہ،اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوگی۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں نیا موسمی نظام داخل ہوچکا ہے جو مختلف علاقوں پر اثر انداز ہورہا ہے جس کے نتیجے میں بارش، برفباری اور سردی کی شدت میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بلند مقامات کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند میں برفباری کا آغاز ہوگیا۔

آج سے 4 فروری تک گلگت بلستستان، بالائی کے پی کے، کشمیر اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض پہاڑی علاقوں میں ہلکی پھلکی سے متوسط درجے کی برفباری کا بھی خدشہ ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گلیات، مری، ملتان، جھنگ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی ہلکی پھلکی بارش ہوگی۔ کے پی کے میں دیر، چترال، سوات، کوہستان اور کالام میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی ابر آلود رہے گا۔

ایبٹ آباد اور نواحی علاقون میں آج سے بارش کا امکان ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ سیاح اور مقامی افراد کو شدید سردی اور ممکنہ برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے بچنا ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert