سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی نااہلی کے لیے دائر کی گئی درخواست عدم پیروی کی وجہ سے خارج کر دی . عدالت عظمیٰ کی جانب سے درخواست خارج کیے جانے کے بعد اسحاق ڈار کی بطور سینیٹر ممبر شپ کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم امتناع ختم ہو گیا .

ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر رحمن نے عدالت کو بتایا کہ آرڈیننس کے تحت دو ماہ حلف نہ اٹھانے والے کی نشست خالی تصور ہوتی ہے . انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوا، اس لیے ان پر قانون کا اطلاق نہیں ہوتا . عدالت نے کہا کہ درخواست گزار نوازش پیر زادہ گذشتہ سماعت پر بھی پیش نہیں ہوئے تھے . جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ اسحاق ڈار کو عدالت نے طلب کیا تھا لیکن وہ بھی پیش نہیں ہوئے . اسحاق ڈار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار بیمار ہیں اور بیرون ملک مقیم ہیں جس کی وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے . خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اکتوبر 2017ء سے لندن میں موجود ہیں . نیب نے پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا تھا جس میں مسلسل عدم حاضری پر احتساب عدالت نے انہیں اشتہاری قرار دیا، تاہم بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہونے پر اُس وقت کے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 8 مئی کو سابق وزیر خزانہ کی سینیٹ کی رکنیت عبوری طور پر معطل کرنے کا حکم جاری کیا تھا . جس کے بعد جون 2018ء میں اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت سے معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا . الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت سپریم کورٹ کے حکم پر معطل کی گئی . یاد رہے کہ چند روز قبل سینیٹر اسحاق ڈار کی نااہلی کے لئے ریفرنس الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی بھجوایا گیا تھا . اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے 6 نومبر کو ریفرنس چیئرمین سینیٹ کو بھجوایا تھا جس میں یہ کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ میں عطاء الحق قاسمی کے کیس میں ابھی تک اسحاق ڈار نے رقم جمع نہیں کروائی اسی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے . اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بتایا کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود چیئرمین سینیٹ نے اس پر کارروائی نہیں کی . آئین کے آرٹیکل 63 کی رو سے اسحاق ڈار ڈیفالٹر ہیں، 30 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن نااہلی کی کارروائی شروع کرے . . .

متعلقہ خبریں