سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان کا ریڈ زون سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار منصوبے کا تفصیلی دورہ

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات کے تحت سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے ریڈ زون سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی، چیف انجینئر فیڈرل پروجیکٹس ڈاکٹر سجاد بلوچ، ایس پی ریڈ زون حنان اچکزئی سمیت مواصلات و تعمیرات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
سائٹ وزٹ کے دوران چیف انجینئر عبدالرحیم بنگلزئی نے منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلو اور تعمیراتی مراحل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور منصوبے کو درپیش چیلنجز، سیکیورٹی خدشات اور انتظامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے ہدایت کی کہ ریڈ زون کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط، موثر اور مستحکم بنایا جائے، اور سیکیورٹی بنکرز اور کنکریٹ دیوار منصوبے میں معیار، شفافیت اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تعمیراتی محکموں کے درمیان باہمی رابطے کو بہتر بنانے، منصوبے کی مسلسل نگرانی کرنے اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کو پیش رفت سے باقاعدگی سے آگاہ کرنے پر بھی زور دیا۔
