ڈپٹی کمشنر خضدار کا محکمہ صحت کے نئے عملے کی ذمہ داریوں پر زور، خالی آسامیوں پر تعیناتیاں جلد عمل میں لائی جائیں گی


**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے کہا ہے کہ تمام لیڈی ہیلتھ ورکر، ویکسینیٹر، جونیئر کلرک، اسسٹنٹ کمپیوٹر اپریٹر اور دیگر اسٹاف کو تعینات ہونے کے بعد اپنے فرائض ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ سرانجام دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری، محنت اور دیانت داری کے ساتھ کام کرنا ہر ملازم کی اولین ذمہ داری ہے اور تمام اسٹاف خدمت خلق کو اپنا شعار سمجھیں۔
یہ باتیں ڈپٹی کمشنر خضدار نے خالی آسامیوں پر ہونے والے انٹرویوز کے دوران کہی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر علم دین، ایم ایس ٹیچنگ اسپتال سرمد سعید، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد نسیم لانگو، ڈویژنل انفارمیشن افسر شبیر احمد اور محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے تعیناتی کے اس عمل کے بعد محکمہ صحت میں جونیئر کلرک، لیڈی ہیلتھ ورکر، ویکسینیٹر اور ڈیٹا انٹری اپریٹر کی کمی کافی حد تک حل ہو جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام امیدواروں کے ڈاکومنٹس کی تفصیلی چھان بین کی جا رہی ہے اور تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
واضح رہے کہ خضدار ڈسٹرکٹ میں 78 خالی پوسٹس ہیں جن میں جونیئر کلرک، ویکسینیٹر، ڈیٹا انٹری اپریٹر، لیڈی ہیلتھ ورکر اور دیگر اسامیاں شامل ہیں، جن کے انٹرویوز اور کاغذات کی چھان بین کے بعد تعیناتیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

WhatsApp
Get Alert