عوام سے کیے گئے وعدے ہر صورت پورے کیے جائیں گے، عوامی مسائل کی فوری اور مؤثر حل ہماری ترجیح،میر لیاقت لہڑی

**کوئٹہ (قدرت روزنامہ):** پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ **میر لیاقت لہڑی** نے کہا ہے کہ انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے ان شاء اللہ ہر صورت پورے کیے جائیں گے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں مختلف حلقوں کے قبائلی عمائدین، عوامی نمائندوں اور وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں وفود نے میر لیاقت لہڑی کو اپنے علاقوں میں بنیادی مسائل، بالخصوص ٹرانسپورٹ، سڑکیں، پانی، بجلی اور دیگر شہری سہولیات کی کمی سے آگاہ کیا۔
میر لیاقت لہڑی نے مسائل کو توجہ، سنجیدگی اور بردباری کے ساتھ سنا اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مشکلات کا ازالہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام امور کو قواعد و ضوابط کے مطابق بروقت نمٹایا جائے۔
پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ عوام کی خدمت ایک مقدس ذمہ داری ہے اور عوامی نمائندوں اور شہریوں کے باہمی رابطے سے ہی مسائل کا مؤثر اور پائیدار حل ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ انتخاب میں اربوں روپے کی لاگت سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جس سے عوام مستفید ہوں گے اور ترقیاتی کاموں میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
