نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی مسترد ، پی پی رہنما ندیم افضل چن کا وفاقی حکومت اور نیپرا کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان

لاہور (قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیراورپاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور نیپرا کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
ہم نیوز کے مطابق ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے ذریعے سولرصارفین کے ساتھ ایک بڑا فراڈ شروع کردیا گیا ہے، جس سے عوام کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔سولر انرجی استعمال کرنے والے صارفین نے بھاری سرمایہ کاری کی ہے، مگر نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی ان کے حقوق کو بری طرح متاثرکررہی ہے، یہ پالیسی عوام دشمن ہے اوراسے فوری طور پرواپس لیا جانا چاہیے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پرخاموش نہیں رہیں گے اور قانونی راستہ اختیارکرتے ہوئے وفاقی حکومت اور نیپرا کے خلاف عدالت جائیں گے۔سولرتوانائی کے فروغ کے بجائے اس پالیسی کے ذریعے عوام کو مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
