پاکستانی ذرا ہٹ کے چیزیں کرتے ہیں، سلمان آغا

کولمبو (قدرت روزنامہ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان آغا کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ورلڈ کلاس باؤلرز ہیں، پتا تھا کہ آسانی سے 190 کا دفاع کرلیں گے، 160 رنز کا بھی دفاع کرلیتے، ہم پاکستانی ہیں تو چیزیں ذرا ہٹ کے کرتے ہیں۔
امریکہ کے خلاف 32 رنز سے فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ میچ کے دوران ٹیم کی بہترین کارکردگی رہی، ہم نے بیٹنگ کا آغاز اچھا کیا اور مڈل اوورز میں بھی بہت اچھی بیٹنگ کی۔ جب بات باؤلنگ کی آتی ہے، تو ہمارے پاس ایک عالمی معیار کا اٹیک ہے اور 190 رنز بنانے کے بعد ہمیں معلوم تھا کہ ہم اس کا دفاع کر سکتے ہیں۔ اگر میں ہوتا تو میں بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتا، کیونکہ اگر ہم 160 سے 170 رنز بھی بنا لیں، تو ہمیں معلوم ہے کہ ہم اس کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
کیا ٹیمیں ہدف کا تعاقب کرنا پسند کرتی ہیں؟ کے جواب میں انہوں نے کہا “ہم پاکستانی ہیں، ہم ذرا ہٹ کر کام کرتے ہیں۔ ہم ہدف کا تعاقب کرنے میں بھی پرسکون رہتے ہیں، لیکن ہم کوشش کرتے ہیں کہ پہلے بیٹنگ کر کے ایک اچھا سکور بورڈ پر سجائیں اور پھر اس کا دفاع کریں۔ ہمارا بیٹنگ آرڈر لچکدار ہے، پہلے تین کھلاڑی فوری سکور کرنے کے لیے تیار ہوتے ہیں اور اس کے بعد فنشرز بھی جلدی بیٹنگ کے لیے آ سکتے ہیں، یا اگر ہم وکٹیں گنوا دیں تو ہمارے پاس ایسے بیٹرز بھی ہیں جو کھیل کو آخر تک لے جا سکتے ہیں۔ بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے، ہم پاور پلے میں مزید بہتر اور زیادہ مہارت کے ساتھ باؤلنگ کرنا چاہیں گے۔ یہ وہ چیزیں ہیں جن میں ہم بہتری لانا چاہتے ہیں۔”
