پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کی ادائیگی کیلئے اے ٹی ایم کارڈز کی ڈلیوری شروع ، کوئی فیملی خود کو تنہا محسوس نہ کرے: وزیر اعلیٰ مریم نواز

لاہور( قدرت روزنامہ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’ایکس‘‘ میسج پر کہاہے کہ پنجاب میں رمضان نگہبان پیکیج کی ادائیگی کے لیے اے ٹی ایم کارڈز کی ڈلیوری شروع کر دی گئی ہے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کے اجراء پر اظہار تشکر کیا ہے- رمضان نگہبان پیکیج کے تحت 40لاکھ گھرانوں کو 40ارب روپے مالی امداد دی جائے گی -نہ لمبی قطاریں،نہ مشقت، آسانی کے احساس کے ساتھ مالی امداد پہنچائی جائے گی -40لاکھ گھرانوں کو رمضان نگہبان پیکیج کے تحت مالی امداد کی ادائیگی کا پورا نظام مکمل ڈیجیٹل او رشفاف ہوگا-پی آئی ٹی بی کے ڈیجیٹل رمضان نگہبان پیکیج میں ہر مرحلے پر شفافیت کا اہتمام کیاگیاہے-رمضان نگہبان پیکیج کے متعلق معلومات کے لیے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے-رمضان نگہبان پیکیج کے لئے ہر تحصیل میں 160خصوصی مراکز بھی قائم کر دئیے گئے ہیں -رمضان نگہبان اے ٹی ایم کارڈ کی ایکٹی ویشن اور رقم کے حصول کے لئے صوبہ بھر میں برانچ لیس ایجنٹ اور آؤٹ لٹ بھی مقرر کر دئیے گئے-
وزیراعلی مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں کوئی فیملی خود کو تنہا محسوس نہ کرے،یہی ہمارا مشن ہے -رمضان کریم کی برکتیں ہر گھر کی دہلیز تک پہنچانا اولین ترجیح ہے-رمضان المبارک میں راشن کارڈ کی مالی امداد ماہانہ 3ہزار سے بڑھا کر 10ہزار روپے کر دی گئی ہے – پنجاب کی ہر تحصیل میں نگہبان دسترخوان کے ذریعے روزانہ لاکھوں روزہ داروں کے لیے افطاری کا اہتمام کیاجائے گا -رمضان کریم کے دوران سہولت بازارو ں میں رعایتی نرخ پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی-
