لاہور رنگ روڈ ٹال ٹیکس میں اضافہ کر دیا گیا چھوٹی گاڑیوں کیلئے ٹیکس 50 روپے جبکہ بڑی گاڑیوں کا ٹیکس 100 روپے مقرر کر دیا گیا
نجی ٹی وی چینل سٹی 42 کی رپورٹ کے مطابق پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے فیصلے کے تحت آئندہ سے چھوٹی گاڑیوں کیلئے ٹیکس 50 روپے جبکہ بڑی گاڑیوں منی بس، کوسٹر،ہائی ایس وین کا ٹیکس 100 روپے مقرر کر دیا گیا ہے . اس سے قبل چھوٹی گاڑیوں سے رنگ روڈ کے استعمال پر 45 روپے جبکہ بڑی گاڑیوں سے 90 روپے چارج کیے جاتے تھے . اس کے علاوہ بڑی کمرشل گاڑیوں پر عائد ٹیکس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے . بس کی ٹوکن فیس 250 روپے، لوڈر، ٹرک، ڈمپر اور پک اپ کی ٹوکن فیس 300 روپے کر دی گئی ہے . جبکہ ٹرک، ٹریلر، 3 ایکسل سے زیادہ لوڈر کی ٹوکن فیس 500 روپے ہو گئی ہے . رنگ روڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ٹال ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ فوری نافذ العمل ہو گیا ہے . ٹال ٹیکس میں اضافے کے فیصلے پر ہونے والی تنقید پر وضاحت کی گئی ہے کہ رنگ روڈ ٹال ٹیکس میں 2 سال بعد اضافہ کیا گیا ہے . یہاں واضح رہے کہ رنگ روڈ صوبائی دارالحکومت لاہور کی سب سے طویل شاہراہ ہے جو شہر کو چاروں اطراف سے گھیرے ہوئے ہے . رنگ روڈ کی بدولت شہر کے مختلف علاقوں میں رہنے والے لوگ باآسانی شہر کے کسی بھی علاقے پہنچ سکتے ہیں، جبکہ اس شاہراہ کی بدولت موٹروے سے بھی باآسانی کنکٹ ہوا جا سکتا ہے . . .