گیس بحران، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے لیے مشکلات بڑھنے لگیں

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے ایک اور ایم این اے گیس بحران پر ناراض ہو گئے . کراچی میں گیس کے بحران پر رکن قومی اسمبلی پھٹ پڑے .

این اے 237 ملیر کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی جمیل احمد خان نے وزیر توانائی حماد اظہر کو خط لکھ دیا . جمیل احمد نے اپنے خط میں لکھا کہ ان کے حلقے کے عوام پریشان ہیں، گیس بحال نہ کی تو وہ اسمبلی فلور پر احتجاج کریں گے . ملیر میں گیس کی شدید قلت ہے جب کہ بھٹائی آباد، شرف آباد، معین آباد، کھوکھرآہار، جعفر طیار اور قائد آباد سمیت ملیر کے دیگر علاقوں میں گیس نہیں آ رہی . اس سے پہلے ڈیفینس کراچی سے پی ٹی آئی کے ایم این اے نے بھی وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر پر تنقید کی تھی . رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے گیس بحران پر حماد اظہر کے رویے کو شرمناک قراردیا تھا . ممبر قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے وفاقی وزیر حماد اظہر کو خط لکھا. جس میں انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے این اے 247 کراچی میں گیس کی سپلائی بالکل نہیں ہے . آفتاب صدیقی نے خط میں لکھا کہ اکتوبر سے ہمارے ہاں گیس کا مسئلہ چل رہا ہے، جس پر آپ کو بارہا میسیج بھی کیے جا چکے لیکن آپ جواب نہیں دیتے، آپ کا رویہ انتہائی شرمناک ہے . یہ بھی واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم کی زیرصدارت حکومتی اراکین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گیس بحران پر حکومتی اراکین نے کھل کر اظہار خیال کیا تھا . اراکین نے شکوہ کیا کہ ملک میں گیس نہیں ہے گھریلو اور صنعتی صارفین سب ہی احتجاج کر رہے ہیں . شکوہ کرنے والوں میں گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی شامل نکلے جو وزیر توانائی حماد اظہر کے رویے سے نالاں تھے . گورنر سندھ نے وزیراعظم سے حماد اظہر کے روپے کی شکایت کی اور کہا کہ وزیراعظم صاحب! حماد اظہر صاحب ہمارا فون تک نہیں سنتے، وزیراعظم سے رابطہ کرنا آسان ہے تاہم حماد اظہر سے مشکل . جواب میں حماد اظہر نے کہا کہ آپ کو ہر روز میسج کرتا ہوں، لگتا ہے آپ کسی غلط نمبر پر میسجز کرتے ہیں . نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ گیس کی قلت ہے، کراچی میں گیس بحران سنگین ہے، گیس بحران کے حل کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں، حماد اظہر صاحب، سندھ کی انڈسٹری بھی سراپا احتجاج ہے، آپ اگر انہیں گیس نہیں دے سکتے تو کم از کم ان سے مل تو لیں . اس موقع پر ایک حکومتی رکن نے کہا کہ حماد صاحب پنجاب کی انڈسٹری سے بھی ملاقات کرلیں ان کا بھی یہی شکوہ ہے . . .

متعلقہ خبریں