ایران کشیدگی: جامعات کے طلبہ سمیت مزید 104 پاکستانی گبد ریمدان بارڈر کے راستے گوادر پہنچ گئے

گوادر (ڈیلی قدرت نیوز) ایران میں کشیدہ صورتحال کے باعث پھنسے پاکستانی شہریوں اور طلبہ کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری رہا مزید 104 پاکستانی شہری گبد ریمدان بارڈر عبور کرکے پاکستان پہنچ گئے۔ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کے مطابق منگل کو ایران سے گوادر کے راستے واپس آنے والوں میں مختلف ایرانی جامعات کے 58 طلبہ شامل ہیں جبکہ دیگر افراد میں بزنس مین، زائرین اور سیاح شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایران میں زیرِ تعلیم پاکستانی طلبہ کی بڑی تعداد نے کشیدہ صورتحال کے باعث گبد ریمدان سرحد کا رخ کیا۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق وطن واپس پہنچنے والے طلبہ کا تعلق زنجبار میڈیکل یونیورسٹی، المصطفیٰ یونیورسٹی، ارزمگان میڈیکل سائنسز اور کرمان یونیورسٹی سے ہے۔ واپس آنے والوں میں ایک غیر ملکی کروشین باشندہ بھی شامل ہے۔نقیب اللہ کاکڑ نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو روز کے دوران سرحد عبور کرکے وطن پہنچنے والوںکی مجموعی تعداد 155 ہو گئی ہے جن میں 63 طلبہ بھی شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گبد ریمدان بارڈر پر واپس آنے والے شہریوں کا ضلعی انتظامیہ، ایف آئی اے، ایف سی اور پولیس کی جانب سے استقبال کیا جا رہا ہے اور ان کو ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
