افغان دراندازی نامنظور: ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور سبی میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے غیور عوام کی بڑی ریلیاں


کوئٹہ (ڈیلی قدرت نیوز) بلوچستان کے مختلف اضلاع ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور سبی سمیت متعدد علاقوں میں افغانستان کی جانب سے مبینہ دراندازی اور سرحد پار دہشت گردی کے خلاف جبکہ افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے بڑی اور پرامن ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماں، ضلعی انتظامیہ، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ڈیرہ بگٹی میں ریلی کی قیادت چیف آف مرہٹہ مقدم وڈیرہ دین محمد مرہٹہ، میر لیاقت راہیجہ، وڈیرہ علی پیروزانی اور دیگر معتبرین نے کی۔ شرکا نے پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیرہ بگٹی کی غیور عوام ملک کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے متحد ہے اور کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔کوہلو میں ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ، انتظامی افسران، قبائلی عمائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوکر مرکزی شاہراہ پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکا نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عظیم جان دومڑ نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مقررین نے افغان مداخلت اور دہشت گردی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔سبی کے علاقے لہڑی میں بھی افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں، نوجوانوں اور سیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے پاکستان کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے۔ مقررین نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کے گٹھ جوڑ اور پاکستان میں دراندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ہر مشکل گھڑی میں افواج پاکستان کا ساتھ دیا جائے گا۔ریلیوں کے اختتام پر شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مقابلے میں متحد رہیں گے، دفاعِ وطن کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں اور قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert