افغان طالبان کے قلعہ سیف اللہ، نوشکی بارڈر پر بیک وقت حملے پسپا، 27 حملہ آور ہلاک، وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی جوان شہید

کوئٹہ (ڈیلی قدرت نیوز) بلوچستان کے مختلف سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی جانب سے بڑے پیمانے پر زمینی حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے پسپا کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان نے قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن کے سرحدی مقامات پر بیک وقت 16 مختلف پوزیشنز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز کی موثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں اب تک افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانے کے بعد پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔جھڑپوں کے دوران وطن عزیز کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان کا ایک جوان جامِ شہادت نوش کر گیا، جبکہ پانچ اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ شدید فائرنگ کے باعث سرحدی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے تمام حساس مقامات کا کنٹرول سنبھال کر صورتحال کو قابو میں کر لیا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی حکام کی جانب سے سرحد پر مانیٹرنگ کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔
