سندھ میں گاڑیوں کی انشورنس لازمی، حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 7 لاکھ دینے کا فیصلہ

کراچی (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ سیّد مراد علی شاہ کی ہدایت پر سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے بھر میں گاڑیوں کی انشورنس لازمی قرار دے دی ہے، جس کے بغیر گاڑی رجسٹر نہیں ہوسکے گی۔حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 7لاکھ فی کس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ہر گاڑی کی تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی قرار دے دی۔ انشورنس کے بغیر نہ تو رجسٹر ہوگی اور نہ یہ ٹوکن ٹیکس جمع ہوسکے گا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ یہ قانون سڑک پر حفاظت اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک اہم اقدام ہے۔
سندھ حکومت کے مطابق تھرڈ پارٹی انشورنس حادثات سے متأثرہ خاندانوں کیلئے بڑا سہارا ثابت ہوسکتی ہے۔ قانون کے تحت متأثرہ شہری فوری مالی ریلیف حاصل کرسکیں گے۔ حکومت نے گاڑیوں کیلئے نوفالٹ معاوضہ سسٹم کی منظوری دے دی۔
نوفالٹ معاوضہ سسٹم کے تحت حادثات میں جاں بحق افراد کے ورثا کو 7 لاکھ روپے اور معذوری کی صورت میں 5 لاکھ روپے معاوضے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ سندھ میں پاکستان کا پہلا جدید ڈیجیٹل انشورنس مانیٹرنگ سسٹم بھی فعال کردیا گیا ہے۔
جدید ڈیجیتل انشورنس سسٹم کی بدولت جعلی انشورنس کے راستے ہمیشہ کیلئے بند کردئیے گئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ سندھ موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد نئی دفعہ کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک حادثات کے متاثرین کو مالی تحفظ دیا جاسکے۔ محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی گئی ہے کہ قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
