وزیراعلیٰ بلوچستان کا ترقیاتی منصوبوں پر بڑا ایکشن: 1100 اسکولوں میں فائبر انٹرنیٹ، 60 ہزار نوجوانوں کو روزگار، غفلت برتنے والے محکموں کے فنڈز واپس لینے کا حکم

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے 1100 تعلیمی اداروں میں فائبر آپٹیکل انٹرنیٹ کی فراہمی کے منصوبے کو چھ ماہ میں مکمل کرنے اور انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے؛ اجلاس میں بتایا گیا کہ 4 ہزار سنگل روم اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر، 95 میونسپل کمیٹیوں کو جدید مشینری کی فراہمی اور ہر یونین کونسل میں صاف پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ اسکول سے باہر ایک لاکھ بچوں کو دوبارہ تعلیمی اداروں میں داخل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پیپلز ٹرین سروس میں فنڈز کی تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبے 30 جون تک مکمل کیے جائیں، بصورت دیگر ہدف حاصل نہ کرنے والے محکموں سے فنڈز واپس لے کر بہتر کارکردگی والے محکموں کو منتقل کر دیے جائیں گے؛ انہوں نے تحصیل سطح پر شکایت سیل کے قیام اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے اصلاحاتی اقدامات کو تیز کرنے کی بھی تاکید کی۔
