افغان طالبان اور دہشت گرد شدید دباؤ اور مایوسی کا شکارہیں، باجوڑ میں معصوم شہریوں پر حملہ کیا ، عطا ءتارڑ

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا ءتارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان اور دہشت گرد شدید دباؤ اور مایوسی کا شکارہیں۔ باجوڑ میں معصوم شہریوں پر حملہ کیا ۔

ایک بیان میں عطا ءتارڑ نے کہا کہ آج دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر افغان طالبان نے سرحد پار سے ضلع باجوڑ کے علاقے کو نشانہ بنایا ہے۔افغان طالبان نے توپ خانے اور مارٹر فائرنگ کے ذریعے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ایک گھر مارٹر گولے کی زد میں آیا۔ضلع باجوڑ کے علاقے سالار زئی، تبستہ لیٹئی میں شہری آبادی کو دانستہ نشانہ بنایا گیا، حملے میں 4 معصوم شہری شہید اور 5 سالہ بچہ شدید زخمی ہوا ہے۔شہید ہونے والے چاروں افراد ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ بھائی تھے، مقامی لوگوں نے افغان طالبان رجیم کے دہشت گردانہ اقدام کی شدید مذمت کی اور غم و غصے کا اظہار کیا۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا ءتارڑ نے یہ بھی کہا کہ افغان طالبان رجیم معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنا رہے ہیں، افغان طالبان فتنہ الخوارج جیسی دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ایسے حملے بین الاقوامی قوانین اور بنیادی انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی ہیں، آپریشن’’ غضب للحق‘‘ کی مؤثر کارروائیوں کے باعث افغان طالبان اور دہشت گرد شدید دباؤ اور مایوسی کا شکارہیں۔ اس بزدلانہ اور گھناؤنے حملے کے ذمے دار افغان طالبان کی چوکیوں، انفرا سٹرکچر کو مناسب اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert