ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی کونسل کا اجلاس، ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی جائزہ


کوئٹہ (قدرت روزنامہ) – ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ کی صدارت میں مرکزی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر جارحیت اور اس کے نتیجے میں خطے میں پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اسرائیل اور امریکہ کی جارحیت نے نہ صرف مشرق وسطیٰ کے امن کو تباہ کیا ہے بلکہ عالمی سطح پر خوف اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایسے حالات میں عالمی سطح پر قیام امن کے لیے مؤثر اقدامات کی شدید کمی ایک انسان سوز المیہ ہے۔
مرکزی کونسل نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان نہ صرف بین الاقوامی سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کرے گا بلکہ ملک میں کسی بھی ممکنہ خلفشار سے نمٹنے کے لیے بھی مؤثر منصوبہ بندی کرے گا۔ اجلاس میں ہزارہ قوم اور کوئٹہ کے شہریوں سے کہا گیا کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مستحکم رکھتے ہوئے ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو شہریوں کو پراکسیز کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
اس کے علاوہ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور ہزارگی، بلوچی، پشتو اور براہوی زبانوں کی اکیڈمیز کو سرکاری تحویل میں لینے جیسے فیصلوں پر فوری نظر ثانی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں افغانستان کے سابق وزیر اعظم اور ممتاز ہزارہ سیاسی شخصیت سلطان علی کشتمند کے انتقال پر تعزیت اور خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert