قطار کے دھکے نہ انتظار کی پریشانی، گھر بیٹھے ایکسپائر شناختی کارڈ کیسے بنوائیں، جانئے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) کی تجدید کو شہریوں کے لیے مزید آسان بنانے کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرا دی ہے۔
تازہ اعلان کے مطابق وہ افراد جن کے شناختی کارڈ گزشتہ پانچ سال کے اندر ایکسپائر ہوئے ہیں، اب اپنے کارڈ کی تجدید پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل یہ سہولت صرف ان کارڈز کے لیے دستیاب تھی جو ایک سال کے اندر ایکسپائر ہوئے ہوں، تاہم اب نادرا نے عوامی سہولت کے پیش نظر اس مدت کو بڑھا کر پانچ سال کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد نادرا مراکز پر ذاتی حاضری کی ضرورت کو کم کرنا اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے تجدید کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 جون 2026 سے قبل اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، کیونکہ اس کے بعد ممکنہ طور پر اضافی فیس یا جرمانے لاگو ہو سکتے ہیں۔
اس پیش رفت کو ڈیجیٹل خدمات کی بہتری اور ملک بھر کے شہریوں کے لیے بنیادی شناختی سہولیات تک آسان رسائی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
