اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے ملک میں گیس کے نئے ذخائر تلاش کرنے کا حکم دے دیا . انہوں نے کہا کہ مقامی گیس ایندھن کا سب سے سستا ذریعہ ہے، گیس کے ذخائر تلاش کرنے کیلئے لائسنس اجرا کا عمل تیزکیا جائے، مقامی گیس ایندھن کا سب سے سستا ذریعہ ہے، طے شدہ ٹائم لائنز میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے .
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں پاکستان میں گیس کی طلب اور ایل این جی سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا . اجلاس میں وزیرخزانہ شوکت ترین، وزیرتوانائی حماد اظہر ، وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر حکام نے شرکت کی . اجلاس میں ملک میں گیس کے ذخائر، طلب ورسد، شارٹ فال اور ایل این جی کی درآمد پر بریفنگ دی گئی .
شرکاء اجلاس کو ایل این جی ٹرمینلز کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی . بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں گیس کی موجودہ طلب 4700 ایم ایم سی ایف ڈی ہے، موجودہ ملکی سپلائی 3300 ایم ایم سی ایف ڈی ہے جو ہر سال کم ہو رہی ہے، گیس کی کمی کو ایل این جی درآمد کرکے پورا کرنا ہوگا . بریفنگ میں اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ ورچوئل پائپ لائن لائسنس کے اجرا کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، دو نئے ایل این جی ٹرمینلز کی تنصیب کا کام جاری ہے .
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ملک میں توانائی کے نئے وسائل تلاش کرنے کا بھی حکم دیا . انہوں نے کہا کہ مقامی گیس کے ذخائر تلاش کرنے کے لائسنس کے اجرا کے عمل کو تیز کیا جائے، مقامی گیس ایندھن کا سب سے سستا ذریعہ ہے، طے شدہ ٹائم لائنز میں مزید تاخیر کیے بغیر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے .