وزیراعظم نے نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال کا جواب دے دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی واپسی سے متعلق سوال کا جواب دے دیا . تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے تو اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے مختصر گفتگو کی ، جس میں انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد کہا جاتا ہے کہ حکومت مشکل میں ہے ، حکومت کوئی مشکل میں نہیں .


سابق وزیراعظم نوازشریف کی واپسی کے بارے میں سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ کہا جاتا ہے نواز شریف آج آ رہا ہے ، کل آ رہا ہے ، نواز شریف جب سعودی عرب گیا تب بھی یہی کہا جاتا تھا . ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اسمبلی میں شہباز شریف کی تقریر نہیں بلکہ جاب ایپلی کیشن ہوتی ہے .

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نواز شریف ابھی آئے نہیں اور حکومت کی ’ٹلی‘ بج گئی ہے ، ‎جن کا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں ، نواز شریف آئیں گے تو عمران نیازی کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی ، نواز شریف کے واپس آنے کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا ، قوم اپنے قائد کا استقبال کرنے کیلئے تیار ہے ، نواز شریف وطن واپس آئیں گے تو عمران نیازی ، شیدا ٹلی اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی .

تاہم مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق بیانات کو پارٹی پالیسی کے منافی قرار دے دیا ، نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوازشریف کی واپسی کے بارے میں ایازصادق کا بیان پارٹی پالیسی نہیں ہے ، ن لیگ بحیثیت ایک پارٹی یہ سمجھتی ہے فی الحال نوازشریف کو لندن میں ہی علاج کروانا چاہیے ، ان کی واپسی کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں ہے اور فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ چند ماہ میں نوازشریف واپس آ رہے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں