کراچی (قدرت روزنامہ) نئے سال کے موقع پر کراچی میں دفعہ 144 نافذ . شہر قائد میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کی وجہ سے دفعہ 144 نافذ کی گئی، نوٹیفکیشن جاری .
تفصیلات کے مطابق کراچی میں سال نو کے موقع پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر قائد میں دفعہ 144 کا نفاذ کمشنر کراچی کی جانب سے کیا گیا ہے جس کی وجہ ہوائی فائرنگ کے واقعات بتائی گئی ہے .
اس ضمن میں کمشنر کراچی اقبال میمن نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی . بتایا گیا ہے کہ کراچی میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے . علاوہ ازیں دو روز قبل ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے بھی نئے سال کے موقع پرشہر بھر میں موسیقی کی تقریبات اور آتش بازی پر پابندی عائد کردی گئی تھی .
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ عوامی اجتماعات، کنسرٹ پروگرام ، موسیقی تقریبات کی اجازت نہیں ہوگی، آتشبازی کیلئے دی گئی تمام درخواستیں مسترد کر دی گئی ہیں . مزید برآں اسلام آباد میں نئے اسلحہ لائسنس پر بھی عارضی طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے، شفافیت کیلئے اسلحہ لائسنس کا نظام نادرا سے منسلک ہوگا . اسلام آباد انتظامیہ نے اسلحہ لائسنس کے عمل کو آن لائن کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسلحہ لائسنس کے عمل کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یہ عمل نادرا کی خدمات کو استعمال کرتے ہوئے انسانی تعامل سے پاک ہوگا، اس دوران اسلحہ لائسنسں کا اجراء عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کو اسلحہ لائسنس کا آڈٹ کرنے کے لیے تعینات کیا گیا .
دوسری جانب ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن( ر) ظفر اقبال اعوان کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد کے حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار کے حکم پر جنوبی پنجاب کے پولیس افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں . نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ون ویلنگ، موٹر سائیکل کار ریس لگانے والوں ہلڑ بازی کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے کیپٹن( ر) ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر شراب کے استعمال کو روکنے کے لیے پولیس افسران کو شراب کی ترسیل روکنے اور شراب فروشوں کے خلاف کارروائی کا خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہے .
انہوں نے کہا کہ نئے سال کی خوشی منانا ہر شہری کا حق ہے لیکن اگر آپ کی خوشی کسی کی جان یا امن و امان کے لیے خطرہ کا باعث ہو تو قابل گرفت پولیس جرم ہے اور ایسی خوشی کی قانون ہر گز اجازت نہیں دیتا . انہوں نے جنوبی پنجاب کے باسیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے نیو ایئر نائٹ منائیں اور اپنے بچوں کو بھی اس موقع پر غیرقانونی سرگرمیوں بلااجازت لاوڈ سپیکر کے استعمال، ہوائی فائرنگ، آتشبازی، ون ویلنگ، ہلڑ بازی وغیرہ سے روکیں بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی .