وفاقی حکومت نے سال2021 میں 250 ارب روپے کی ویکسین خریدی، عمران خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سال2021 میں 250 ارب روپے کی ویکسین خریدی، جس سے سال کے ختتام پر7 کروڑ لوگوں کی ویکسی نیشن کا ہدف مکمل کرلیا گیا، تمام شہریوں کو مفت ویکسین لگائی گئی . انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ہم سال2021 کے اختتام تک اپنے 7 کروڑ لوگوں کو کوروناء کی مکمل ویکسین لگانے کا ہدف حاصل کرچکے ہیں .


انہوں نے کہا کہ اس ہدف کے حصول کیلئے صرف ہماری وفاقی حکومت نے تقریباً 250 ارب روپے مالیت کی ویکسین خریدی اور اسے تمام صوبوں میں شہریوں کو مفت فراہم کیا . اسی طرح مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں چیئرمین این سی اوسی اسد عمر نے بتایا کہ ان تمام لوگوں کی بے پناہ محنت سے ایک ہدف جس کو لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے، حاصل ہو گیا ہے .

انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ 2021ء کے اختتام تک 7 کروڑ لوگوں کی مکمل ویکسینیشن کا ہدف پورا کرلیا گیا ہے، اس اہم سنگ میل کے عبور پر میں این سی او سی کی انتھک محنت کرنے والی ٹیم، وفاق اور صوبوں کی انتظامیہ اور صحت کی ٹیموں کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں . اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے 100 فیصد ویکسین خریدی جا چکی ہے . تمام شہریوں کو فری ویکسین لگائی گئی .
اسد عمر نے این سی اوسی کی ٹیم، وفاق، صوبوں کی انتظامیہ اورصحت ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام لوگوں کی ان تھک محنت سے ایسا ہدف حاصل ہوا جسے لوگ ناممکن سمجھ رہے تھے . اس میں اسلام آباد سرفہرست ہے، جہاں 77 فیصد افراد مکمل ویکسین شدہ ہیں، پنجاب 51 فیصد ، گلگت بلتستان 46 فیصد ، آزاد جموں کشمیر 45 فیصد ، بلوچستان 42 فیصد ، کے پی 41 فیصد اور سندھ 37 فیصد پر ہے .
انہوں نے ٹویٹر پیغام میں مزید تفصیلات بھی شئیر کیں اور کہا کہ کل اہل آبادی میں سے 46 فیصد کو مکمل طور پر ٹیکہ لگایا گیا ہے اور 63 فیصد نے کم از کم ایک خوراک حاصل کی ہے . اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کو ممکن بنانے کے لیے، وفاقی حکومت نے تقریباً 250 ارب کی 100 فیصد ویکسین کی خریداری کی ہے، جس نے تمام شہریوں کو مفت ویکسین فراہم کی ہے، قطع نظر اس کے کہ وہ کس صوبے میں رہتے ہیں .

. .

متعلقہ خبریں