حکومت تبدیل کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا، سردارباز محمد خان کھیتران

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و سابق وفاقی وزیر سینئر سیاستدان سردارباز محمد خان کھیتران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی کی حکومت انشاء اللہ اپنے پانچ سال پورے کریگی حکومت تبدیل کرنے کا خواب دیکھنے والوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو دورہ بلوچستان پر خوش آمدید کہتے ہیں چیئرمین کوئٹہ میں قیام کے دوران مختلف منصوبوں کا افتتاح اور پارٹی کے صوبائی وزراء ارکان اسمبلی اور سینئر رہنماوں سے ملاقات کریں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں صحافیوںکے ایک گروپ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میر باز محمد کھیتران نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت مشکلات کے باوجود بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کررہی ہے اور صوبے کے تمام حلقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے صوبے سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کیا ہے اور بے روزگار نوجوانوں کو پہلی مرتبہ میرٹ پر روزگار کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے اور نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت فراہم کرکے انہیں روزگار کے لئے بیرون ملک بھیجا جارہا ہے اور ابتک سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان بیرون ملک روزگار کیلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی تبدیلی کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت انشاء اللہ اپنے پانچ سال پورے کریگی۔ایک سوال کے جواب میں میر باز محمد کھیتران نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں مخلوط صوبائی حکومت نے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کے تحت اب تک لاکھوں کی تعداد میں افراد کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر صوبوں کے بڑے بڑے ہسپتالوں میں اپنا فری علاج کرواچکے ہیںصوبے کے غریب کسانوں کیلئے کسان کارڈ کااجراء کیا جارہا ہے جس سے کسانوں کو بیج ،کھاد، زرعی آلات پر سبسڈی ملے گی اسکے علاوہ پیپلز ائیر ایمبولینس کا بھی باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے اورکسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو دوسرے صوبوں کے ہسپتالوں تک پہنچایا جاسکے گا۔۔ایک سوال کے جواب میں میربازمحمد کھیتران نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بلوچستان کے دورے پر آج کوئٹہ پہنچیں گے کوئٹہ میں قیام کے دوران بلاول بھٹو زرداری کئی ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے عوام پارٹی کے سینئر رہنماوں ،صوبائی وزرائء اور ارکان اسمبلی سمیت مختلف فود سے ملاقاتیں کریں گے ہم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو کوئٹہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ بعض ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ کی تبدیلی کا خواب دیکھ رہے ہیں اوراس سلسلے میں بھاگ دوڑ بھی کر رہے ہیں لیکن انکے ہاتھ میں کچھ نہیں آئے گا اسوقت بلوچستان میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا کوئی بھی متبادل نہیں ہے اور انکی کارکردگی سے عوام خوش ہیں ۔
