موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کریں اے این پی

مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے اصغر خان اچکزئی عوامی نیشنل پارٹی ہر فورم پر عوامی حقوق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی انجینئر زمرک خان اچکزئی ملک محمد حنیف اچکزئی کا اجلاس سے خطاب میزئی اڈہ نامہ نگار


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)عوامی نیشنل پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کا ایک اہم اجلاس ضلعی صدر ملک حنیف اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، پارٹی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا سمیت پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں، ضلعی و تحصیل عہدیداروں اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں خصوصی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تنظیمی امور، موجودہ سیاسی صورتحال، پارٹی کی مجموعی فعالیت، عوامی رابطہ مہم اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ میں اپنی تنظیم کو مزید فعال، منظم اور مضبوط بناتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کریں اور ان کے حل کیلئے مؤثر آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے اور عوامی نیشنل پارٹی ہر فورم پر عوامی حقوق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔
پارٹی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن ہی اصل طاقت ہیں اور انہی کی محنت و قربانیوں کی بدولت پارٹی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ انہوں نے تنظیمی ڈھانچے کو نچلی سطح تک فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونین کونسل اور تحصیل سطح پر سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ پارٹی پیغام ہر گھر تک پہنچ سکے۔ انہوں نے ضلعی تنظیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ اپنے روابط مزید مضبوط بنائیں۔
اس موقع پر صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ جمہوری سیاست، آئینی بالادستی اور پشتون عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی اصولی سیاست کا یہ سفر جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اتحاد و نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ پارٹی کو عوامی سطح پر مزید متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور آئینی بالادستی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر تنظیمی بہتری، کارکنوں کی فعالیت میں اضافے، ضلعی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے اور پارٹی پیغام کو نچلی سطح تک پہنچانے کیلئے مختلف تجاویز اور اہم فیصلوں کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی ضلع قلعہ عبداللہ میں عوامی خدمت اور سیاسی جدوجہد کا سلسلہ مزید بھرپور انداز میں جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert