وندر،مرکزی جامعہ مسجد کی چھت سے نامعلوم شخص کی کئی روز پرانی لاش برآمد

وندر (قدرت روزنامہ)وندر شہر کے وسط میں واقع مرکزی جامعہ مسجد کی تیسری منزل کی چھت سے ایک نامعلوم شخص کی کئی روز پرانی گلی سڑی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مقتول کی عمر تقریبا 25 سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔ جمعہ کی نماز کے دوران جب مسجد میں شدید بدبو پھیلی تو نمازیوں نے چھت پر جا کر دیکھا، جہاں لاش موجود تھی۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی وندر سرکل محمد جان ساسولی اور ایس ایچ او عبدالغفار شاہوانی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔غیر مستند اطلاعات کے مطابق واقعہ قتل معلوم ہوتا ہے کیونکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مقتول کا گلا گھونٹا گیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق تفتیش کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ مقتول کی جیب سے دو عدد پانچ ہزار کے نوٹ اور کچھ نقدی بھی برآمد ہوئی ہے۔ علاقے میں ایدھی فانڈیشن کی سروس بروقت دستیاب نہ ہونے کے باعث لاش کئی گھنٹوں تک چھت پر پڑی رہی، جس پر عوامی و سماجی حلقوں نے سخت افسوس کا اظہار کیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہونے کے بعد ایدھی فانڈیشن کے صوبائی انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی اور کرائم سین ٹیم نے پہنچ کر لاش کو ایدھی سرد خانہ کراچی منتقل کر دیا۔
