خطرناک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری ، پارہ 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ، محکمۂ موسمیات نے خبردار کر دیا

کراچی ( قدرت روزنامہ )خطرناک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری ، پارہ 50 ڈگری تک جانے کا خدشہ، محکمۂ موسمیات نے خبردار کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 25 مئی سے بالائی فضاء میں ہائی پریشر سسٹم بننے کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق 25 سے 31 مئی کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض شہروں میں پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ سکھر، شکار پور، جیکب آباد، لاڑکانہ اور دادو میں درجۂ حرارت 47 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح شہید بینظیر آباد، خیر پور، گھوٹکی اور نوشہرو فیروز میں بھی شدید گرمی کی لہر متوقع ہے، جبکہ حیدر آباد، بدین، تھر پارکر، عمر کوٹ اور میر پور خاص میں پارہ 44 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

’’جنگ ‘‘ کے مطابق محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، جامشورو اور سانگھڑ میں بھی درجۂ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ آج شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہفتے اور اتوار کو درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ہیٹ ویو کے پیشِ نظر محکمۂ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً بچوں، خواتین، بزرگوں اور بیمار افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، زمینداروں اور کسانوں کو بھی فصلوں اور مویشیوں کی خصوصی دیکھ بھال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert