پاکستان میں ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کیلیے ضروری ہے سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پرکشش ریڈ بال کنٹریکٹس دیئے جائیں،شعیب ملک

لاہور (قدرت روزنامہ) سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے پاکستان میں ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو پرکشش ریڈ بال کنٹریکٹس دیئے جائیں۔
اپنے ’’ایکس‘‘ بیان میں انہوں نے کہا یہی بہترین ترغیب ہو سکتی ہے تاکہ کھلاڑی طویل فارمیٹ کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھیں۔ اس اقدام سے نہ صرف وہ ہر سیزن میں کم از کم 5 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے پابند ہوں گے بلکہ وہ اپنی فطری کھیلنے کی صلاحیت تبدیل کرنے یا صرف فرنچائز کرکٹ کے پیچھے بھاگنے کی غلطی سے بھی بچ سکیں گے۔بین الاقوامی سطح پر ادھوری تیاری اور نامکمل مہارتیں زیادہ دیر نہیں چل سکتیں۔ ہمیں ایسے مکمل طور پر پُرعزم کھلاڑی درکار ہیں جو طویل فارمیٹ کے چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہوں۔
