معصوم شہریوں کو بزدلانہ دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ، مینا مجید بلوچ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)صوبائی مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ نے ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر ناپاک اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کوئٹہ میں معصوم شہریوں کو اپنی بزدلانہ دہشتگردی کا نشانہ بنایا۔ چمن پھاٹک کے قریب عید کی چھٹیوں پر اپنے گھروں کو جانے والے نہتے مسافروں، خواتین اور بچوں سے بھری ٹرین پر حملہ انسانیت پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس خونریزی میں بلوچستان کے عام اور بے گناہ عوام کو نشانہ بنایا گیا اور کئی معصوم شہری اس درندگی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر عورتوں اور بچوں کا خون بہا کر بھارت اور اس کے پراکسی بلوچ دہشتگرد ایک بار پھر اپنے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب کررہے ہیں۔
مینا مجید بلوچ نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کیلئے دعائے مغفرت جبکہ لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
