نیٹ میٹرنگ میں تاخیر، ناقص کارکردگی پر افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے نیٹ میٹرنگ کنکشن میں مسلسل تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو یکم جون تک تمام زیر التوا درخواستیں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر توانائی نے واضح کیا ہے کہ جان بوجھ کر تاخیر کرنے والی ڈسکوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے بونس بھی روکے جاسکتے ہیں۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مختلف ڈسکوز میں اس وقت 1355 نیٹ میٹرنگ درخواستیں التوا کا شکار ہیں۔ حکام کے مطابق کئی علاقوں میں ٹرانسفارمرز کو نیٹ میٹرنگ صارفین کے ساتھ درست طریقے سے ٹیگ نہ کرنے کے باعث متعدد درخواستیں مسترد بھی ہوئیں۔
وزیر توانائی نے اس صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیپرا کی مقررہ مدت کے باوجود درخواستوں کی منظوری میں غیر ضروری تاخیر ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے تمام ڈسکوز کو حکم دیا کہ باقی تمام نیٹ میٹرنگ کنکشن یکم جون سے پہلے مکمل کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر توانائی نے ناقص کارکردگی پر سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسینز اور ایس ڈی اوز کے خلاف انتظامی کارروائی کا عندیہ بھی دیا ہے۔
دوسری جانب نیپرا پہلے ہی سولر ریگولیشنز 2026 میں ترامیم کرچکا ہے۔ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پہلے سے رجسٹرڈ سولر صارفین کے معاہدے برقرار رہیں گے تاہم اگر کوئی صارف اپنی سولر صلاحیت میں تبدیلی کرے گا تو اسے پرانے ریٹس کا فائدہ نہیں ملے گا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی سولر صارفین سے متعلق نئے قواعد کا نوٹس لے چکے ہیں اور پاور ڈویژن کو موجودہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت دے چکے ہیں۔
