پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر اہم مذاکرات

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان کے سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے پر اہم مذاکرات جاری ہے تاہم مؤخر ادائیگیوں پرادھارتیل کی سہولت کی درخواست پر دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کے فروغ کے لیے اہم مذاکرات جاری ہیں، جن میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کو سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اس ڈپازٹ کو طویل المدتی سرمایہ کاری میں تبدیل کیا جائے تاکہ ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط بنایا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی کی سہولت میں توسیع کے لیے بھی سعودی حکام سے دوبارہ مذاکرات کی درخواست کی ہے، اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کے ساتھ متعدد منصوبوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔
وزیراعظم آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی معاشی ٹیم اور سعودی حکام کے درمیان انتہائی اہم مذاکرات ہو رہے ہیں، جن میں بیلنس آف پیمنٹ اور ایکسٹرنل ادائیگیوں کا پریشر کم کرنے کیلئے بات چیت ہو رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی حکام نے اپنی معاشی حکمت عملی کا فریم ورک بھی پاکستانی معاشی ٹیم کے ساتھ شیئر کیا ہے۔، اس فریم ورک میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات، پائیدار اقتصادی ترقی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ سعودی منصوبے کے تحت 2035 تک بیلنس آف پیمنٹس کے مسئلے کے حل کے لیے ایک جامع پلان دیا گیا ہے، جس پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کو کم کرنے اور پاکستان کی برآمدات کو 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
