بلوچستان میں بارشوں سے تباہی، وزیراعظم نے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کر دی . تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان میں بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ طلب کی، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے رپورٹ وزیراعلیٰ بلوچستان عبد القدوس بزنجو سے طلب کی گئی ہے .


وزیر اعظم نے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کو متاثرین کو امداد پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی ہرممکن مدد کی جائے . خیال رہے کہ بلوچستان میں بارش اور برفباری سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا ہے اور کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال سے نظام زندگی مفلوج ہے .
بلوچستان میں شدید بارشوں اور برف باری کے باعث پیدا ہونے والی صورت حال پر پاک فوج اور نیوی بھی ضلعی انتظامیہ کی مدد میں پیش پیش ہے .

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج اور نیوی کا ریلیف آپریشن جاری ہے، جس میں خوراک، پینے کا پانی اوردیگرضروریات زندگی کا سامان فراہم کیا جارہا ہے . بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کوئٹ چمن شاہراہ کے ساتھ ساتھ ژوب شاہراہ بھی کان مہترزئی کے مقام پر بند ہوگئی . اس کے علاوہ زیارت، ہرنائی اور مسلم باغ میں برف باری کے باعث مسافر کوچ پھنس جانے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے .
بلوچستان کے معاشی حب گوادر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی ابتر صورت حال پر پاکستان آرمی مقامی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے . پسنی میں بارشوں سے نقصان کا تخمینہ لگانے اور ضلعی انتظامیہ کی مدد کے لیے پاکستان آرمی اور پی ڈی ایم اے کی امدادی ٹیموں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن کے لئے آرمی ہیلی کاپٹرز کو استعمال کیا جارہا ہے، جس کا مقصد دور دراز علاقوں کے متاثرین میں جلد از جلد بنیادی ضروریات کو فراہم کرنا ہے .
پی ڈی ایم اے کے ہمراہ پاک فوج بھی شہریوں کی مدد کے لیے میدان میں اُتر گئئی . پاک فوج کی جانب سے پسنی ، گوادر کے نشیبی علاقوں میں سیلابی ریلے میں پھنسے افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ٹینٹ ،کھانے پینے کی اشیا فراہم کی گئیں . دوسری جانب بلوچستان کے علاقہ ضلع کیچ میں سیلابی بارشیں تباہی مچانے کے بعد تھم گئیں، لیکن معمولات زندگی بحال نہیں ہو سکی . طوفانی بارشوں نے کیچ کے متعد دعلاقوں کو شدید متاثر کیا، متعدد مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ کئی علاقوں میں سیلابی ریلا سڑکوں کو بھی بہا لے گیا . مزید یہ کہ بلوچستان حکومت نے گوادر اور کیچ کو آفت زدہ اضلاع قرار دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں