ریاض (قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں کورونا کے بڑھتے کیسز سے بچاؤ کے لیے نیا قانون متعارف کروا دیا گیا ہے . عرب میڈیا کے مطابق غیر ملکی زائرین کو سعودی عرب میں 30 دن رہنے کی اجازت ہو گی اور سعودی عرب میں دوران قیام 3 مرتبہ عمرہ ادا کرنے کی اجازت ہو گی .
اس کے علاوہ عمرہ ادا کرنے کے لیے آنے والوں کی عمر 12 سال اور اس سے زائد ہونی چاہئیے جبکہ زائرین کو کورونا ہیلتھ ایپ پر حفاظتی ٹیکوں کا اسٹیٹس بھی دکھانا ہو گا .
خیال رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کیسز میں تیزی آ گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 31 لاکھ 44 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ دنیا بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے میں 7 ہزار 500 سے زائد اموات رپورٹ ہوئی ہیں . دنیا بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر مختلف پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں .
واضح رہے کہ تین روز قبل سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں وزارت حج و عمرہ نے ’ای عمرہ گیٹ‘ کے ذریعے ویزے کے اجراء کا طریقہ کار بتایا تھا .
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ جن ممالک کے شہریوں پر مملکت آمد پر کوئی پابندی نہیں ہے وہ عمرہ ویزہ حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے ای عمرہ گیٹ وزٹ کریں جہاں سے عمرے کا خواہشمند شخص وزارت حج و عمرہ کی لائسنس ہولڈر ٹریولنگ ایجنسی یا کمپنی کا انتخاب کرے ، اس کے بعد مناسب پیکیج منتخب کرنے کے بعد پیکیج کی رقم ادا کرے ، یہ پیکیج رہائش اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولیات پر مشتمل ہوگا-
بتایا گیا کہ ای عمرہ گیٹ پر تمام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد عمرہ زائر کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ٹریولنگ ایجنسی یا متعلقہ کمپنی کے دفتر جاکر اپنا پاسپورٹ پیش کرے اور وہاں عمرہ پروگرام سے متعلق متعلقہ فارم پر کرے یہاں اسے اپنے ملک سے سعودیہ روانگی اور وہاں سے واپسی کی تاریخ کا بھی تعین کرنا ہوگا ، جب کہ اس سارے عمل کے لیے عمرہ زائر کو پیروی کے لیے سپیشل نمبر مہیا ہوگا ، جس کو دکھانے کے بعد سعودی وزارت خارجہ کے ماتحت ای ویزا سروس پلیٹ فارم سے عمرہ ویزہ کی درخواست پیش کی جاسکے گی .
. .