پاکستانی اور چینی ماہرین نے مل کر کورونا سے بچاؤ کی دوا تیار کرلی

کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستانی اور چینی ماہرین نے مل کر کورونا سے بچاؤ کی دوا تیار کرلی ، دوا کا نام ’جن ہواقنجن گرینولس‘ ہے ، کامیاب کلینکل ٹرائل کا اعلان کردیا گیا . اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جامعہ کراچی کے آئی سی سی بی ایس کے مرکز میں چینی دوا کے کامیاب ٹراٸل کی تکمیل کی تقریب ہوئی ، جس میں سربراہ سینیٹر اقبال چوہدری ، چین کے سفارتخانے کے نمائندے سمیت دیگر نے شرکت کی ، اس موقع پر وزیراعظم کی ٹاسک فورس کے رکن ڈاکٹر عطا الرحمن اور وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل نے آن لائن شرکت کی .


اس موقع پر کلینیکل ٹرائل کے سربراہ ڈاکٹر رضا شاہ نے بتایا کہ کورونا سے بچاؤکی دوا تیارکی گئی ہے ، یہ دوا پاکستان اور چین کے ماہرین نے مشترکہ طور پر تیار کی ہے ، دوا کا نام ’جن ہواقنجن گرینولس‘ ہے ، کورونا کی یہ دوا جوشچنگ فارماسوٹیکل کمپنی نے بناٸی ہے ، جس کی فاٸٹو کیمسٹری جامعہ کراچی کے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں کی گٸی، دوا کی رجسٹریشن اور اجازت ڈریپ سمیت تمام اداروں سے کی گئی ، اس سے پہلے یہ دواچین میں کورونا کے مریضوں کیلئےاستعمال ہوٸی .

آئی سی سی بی ایس مرکز کے سربراہ ڈاکٹراقبال چوہدری نے کہا کہ آئی سی سی بی ایس نے چین کے اشتراک سے کورونا سے بچاو کی دوا کا کلینکل ٹرائل مکمل کیا ، ٹرائل میں 18 سے 60 سال کے کورونا کے مریضوں کو شامل کیا گیا جن پر دوا کی افادیت 70 فیصد تک سامنے آئی ، دوا کو کورونا کے مختلف ویرینٹس پر اپلائی کیا اور کامیابی ملی جب کہ تمام ملکی اور عالمی اداروں سے منظوری بھی حاصل کی گئی .
ادھر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹرجاوید اکرم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اومی کرون آگ کی طرح پھیل رہاہے اور پھیلتا جائے گا ، اس دوران یہ وائرس بہت ساری زندگیاں بھی لے گا ، وی سی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کہا کہ دنیا میں 80 فیصد لوگوں کی ویکسی نیشن تک اسے روکا نہیں جاسکتا ، اس لیے تمام افراد سے گزارش ہے کہ جلد ویکسی نیشن مکمل کروائیں ، اس کے علاوہ ہمیں پہلے سے زیادہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کی بھی ضرورت ہے .

. .

متعلقہ خبریں