اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے تمام سیاحوں کو 18 سے 20 جنوری تک مختلف پہاڑی مقامات کا دورہ کرنے سے گریز کرنے کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے کیونکہ ملک کے شمالی علاقہ جات میں بالخصوص بارش اور برف باری کی توقع ہے .
پیر کو یہاں جاری ایک ایڈوائزری میں ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے کہا کہ سیاح خاص طور پر آنے والے دو دنوںمیں مری اور گلیات جانے سے گریزکریں کیونکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے .
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ وارننگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 18 جنوری سے ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں موسم بتدریج خراب رہنے کا امکان ہے اور یہ صورتحال 20 جنوری تک برقرار رہ سکتی ہے . اس دوران ہلکی، درمیانی اور شدید درجے کی بارش اور برفباری سے مری میں سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہو سکتا ہے اور موجودہ شدید دھند کی صورتحال میں کمی آنے کا امکان ہے .
. .