وزیراعظم عمران خان کی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا کہ مسافروں کو بہتر خدمات دینے کیلئے مسابقتی عمل کا اجرا اہم ہے . میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوابازی کے شعبے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں غلام سرورخان ، وزیرخزانہ شوکت ترین اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی .


وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو بہتر خدمات دینے کیلئے مسابقتی عمل کا اجرا اہم ہے، پی آئی اے کی کارکردگی سمیت ہوابازی کے شعبے میں معیاری خدمات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے . دوسری جانب رواں سال 10 جنوری کی ایک رپورٹ کے مطابق پی آئی اے میں اصلاحاتی عمل کے مثبت نتائج ظاہر ہونے لگے .

ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضرورت سے زائد سیاسی بھرتیوں کے لئے پہچانی جانے والی پی آئی اے کی افرادی قوت میں واضح کمی ہو گئی ہے . گزشتہ تین برس کے دوران اصلاحتی عمل سے فی طیارہ ملازمین کی تعداد جو کہ 2017 میں 550 تھی وہ کم ہو کر 260 رہ گئی ہے . اس واضح کمی کے بعد پی آئی اے کی افرادی قوت بین الاقوامی تناسب کے برابر آگئی ہے .
دنیا کی بہترین ائر لائنز افرادی قوت کی شرح کوفی طیارہ 200 سے 250 کے درمیان رکھتی ہیں . پی آئی اے میں بہتر اصلاحتی عمل کے نتیجہ میں تعداد میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے . پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ 2022 میں فضائی بیڑے میں مزید طیاروں کی شمولیت سے یہ شرح 220 تک آجائے گی . ترجمان کے مطابق ملازمین کی تعداد میں کمی رضاکارانہ علیحدگی سکیم، جعلی ڈگری اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کی برطرفی سے ممکن ہوئی .
1900 ملازمین نے رضاکارانہ علیحدگی سکیم سے استفادہ کیا‘837 ملازمین کو جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر برطرف کیا گیا جبکہ 1100 ملازمین کو نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں اورکرپشن کی وجہ سے فارغ کیا گیا . اس حوالے سے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ ملازمین کی تعداد کم کرنے سے سالانہ8 ارب روپے کی بچت بھی ہوگی جبکہ پی آئی اے میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا اورنظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہ پہلے کیا گیا ہے نہ ہی آئندہ کیا جائے گا . انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں مزید طیارے شامل کئے جارہے ہیں جس سے قومی ائر لائن کی سروس کا معیار بہتر ہو گا .

. .

متعلقہ خبریں