ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب میں سردی کی لہر میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوگیا . سعودی گزٹ کے مطابق قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ سعودی عرب کے بعض علاقوں میں اس وقت شدید سردی کی لہر جاری ہے اور دارالحکومت ریاض میں آئندہ چند دنوں میں درجہ حرارت صفر تک پہنچ سکتا ہے جب کہ اس وقت شمالی سرحدی علاقے میں تریف گورنریٹ کے ساتھ تبوک ، عرار ، رفحہ ، شکرا اور دیگر شہروں اور شمالی علاقوں کے گورنریٹس میں درجہ حرارت نقطہ انجماد پر پہنچ چکا ہے .
این سی ایم کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ مملکت میں اس وقت جو سردی کی لہر دیکھی جا رہی ہے وہ سب سے مضبوط ہے ، مملکت اس وقت بھی سردیوں کے موسم کے پہلے تہائی حصے میں ہے ، شمالی، وسطی اور مشرقی علاقے اس وقت مملکت میں سرد ہوا کے بڑے پیمانے سے متاثر ہوں گے .
القحطانی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ریاض میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت مزید گرے گا ، مشرقی صوبے کے ساتھ ریاض میں بھی بارشوں کا امکان برقرار رہے گا جب کہ شمالی علاقوں کے پہاڑی علاقوں پر برف باری اور اولے پڑنے کا بھی امکان ہے .
خیال رہے کہ حال ہی میں سعودی ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی کہ رواں سال مملکت میں ریکارڈ توڑ سردی پڑے گی ، موسم سرما کے دوران کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گر جائے گا ، پہلے ہی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں شدت والا موسم دیکھنے میں آیا ، گزشتہ ماہ کے دوران سعودی عرب کئی ریجنز میں موسلادھار بارشوں، آندھی طوفان اور ژالہ باری کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی آ چکی ہے جب کہ سعودی عرب میں موسم گرما کے دوران بھی موسمی شدت معمول سے زیادہ تھی، اسی طرح موسم سرما میں بھی موسمی شدت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے .
. .